ڈومیسٹک ٹی ٹونٹی ایونٹ بنگلہ بدھو کپ کے دوران بنگلہ دیشی وکٹ کیپر بلے باز اور سابق کپتان مشفیق الرحیم اپنے ہی ساتھی کھلاڑی پر غصہ ہوگئے اور انہیں گیند مارنے کا اشارہ بھی کیا۔ ڈھاکا کے کپتان مشفیق اپنے ساتھی کھلاڑی نسیم احمد پر 2 مرتبہ برہم ہوئے، ایک بار جب لیفٹ آرم سپنر کو حریف سائیڈ بریشل کے بیٹسمین عفیف حسین نے چھکا جڑا اور اگلی گیند پر سنگل لے لیا، گیند کو روکنے کے لئے مشفیق اور نسیم اکٹھے دوڑے اور آپس میں ٹکرا گئے۔
اس موقع پر مشفیق نے غصے میں آکر اپنے سے لمبے بائولر کو مکا جڑنے کا اشارہ کیا۔ دوسرا واقعہ 17 ویں اوور میں ہوا جب شفیق کی گیند پر عفیف نے شاٹ کھیلنے کی کوشش کی تاہم گیند ٹاپ ایج ہوا ، نسیم شارٹ فائن لیگ پوزیشن سے کیچ تھامنے کیلیے دوڑے اور وکٹ کیپر مشفیق بھی دوسری طرف سے بھاگے اور ان کو دور رہنے کا اشارہ کیا مگر وہ اسی سمت دوڑتے گئے۔
اگرچہ وہ اس بار مشفیق سے ٹکرنے سے بال بال بچے جنھوں نے کیچ تو تھام لیا مگر غصے میں گیند ان کو مارنے کا اشارہ بھی کیا، ان کے غصے کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہیں
Comments
Post a Comment